141

رسول اللہ ﷺ کی سیرت و کردار صرف مسلمانوں ہی نہیں تمام کائنات کے انسانوں کیلیے رہنمائی اور کامیابی کا راستہ ہے۔ علامہ مجاہدالحسینی

فیصل آباد()رسول اللہ ﷺ کی سیرت و کردار صرف مسلمانوں ہی نہیں تمام کائنات کے انسانوں کیلیے رہنمائی اور کامیابی کا راستہ ہے۔ ان کی سیرت مبارکہ کے تذکرے کیلیے ایک مجلس یا ایک دن نہیں بلکہ سال کے بارہ ماہ جاری رہنا چاہیے۔ مسلمانوں کیلیے السلام علیکم کہنا سلامتی کی تحریک ہے۔ سلامتی، امن اور محبت کے جذبوں کو نبی محتشمﷺ نے اپنی سیرت سے روشناس کروایا۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز مؤرخ، عالم دین اور سیرت نگار علامہ مجاہدالحسینی نے الامین اکیڈمی ستیانہ روڈ پر ربیع الاول کی مناسبت سے سیرت النبیﷺ کورس کے اختتام پر تقسیم انعامات و اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مفتی مصطفےٰ عزیز، صدر الامین اکیڈمی خرم امین سمیت معززین شہر، نمازیوں، اہل علاقہ وشرکاء کورس کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مفتی مصطفےٰ عزیز نے اکیڈمی کے تعلیمی نظام، کورسز،دینی، سماجی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔صدر اکیڈمی شیخ خرم امین نے بھی اصلاحی خطاب کیا۔ طلباء نے تلاوت، نعت کی سعادت حاصل کی جبکہ شرکاء میں سیرت کوئز کا مقابلہ ہوا بعد ازاں شرکاء کورس کو اسناد اور انعامات پیش کئے گئے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو تو سیدنا محمد رسول اللہﷺ کی ذات اور ان کی سیرت سے محبت و مؤدت رکھنا ضروری ہے اور ان پر عمل واجب ہے تاہم اگر کوئی غیر مسلم بھی ان کی زندگی پر عمل کرے گا تو وہ محروم نہیں رہ سکتا اللہ تعالیٰ اس کیلیے ہدایت کے دروازے کھول دیتا ہے۔ سلام میں پہل اور اخلاق رسولﷺ اپنانے سے ہی دنیا و آخرت میں کامیابی مل سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں