318

قومی اداروں پر تنقید بلاجواز،ریاست کو سیاست پر فوقیت دی جائے۔غلام مصطفیٰ ملک

قومی اداروں پر تنقید بلاجواز،ریاست کو سیاست پر فوقیت دی جائے۔مصطفیٰ ملک
فوج کو ہر معاملہ میں ملوث کرنا درست نہیں، کچھ سیاستدان اور انڈیا ایک پیج پر ہیں ، مصطفیٰ ملک
پی ٹی آئی سے اتحاد کھانوں ، عشائیوں کے لیے نہیں کیا تھا، مہنگائی کی ذمہ دار حکومت ہے، خان صاحب کو اصلاح کے لیے مشورہ دیتے ہیں وہ اسے تنقید سمجھتے ہیں مصطفیٰ ملک
چوہدری شجاعت وفاق کی علامت ہیں، استحکام پاکستان کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں ۔بلال شیرازی
کچھ سیاست دان بھارت کی زبان بول رہے ہیں،انڈیا کی سیاست نہیں چلنے دیں گے ۔ملک شکیل سکندر
مسلم امہ اور پاکستان پر عالم کفر یلغار کیے ہوئے ہے، سب کو ایک ہونا ہو گا ۔ابو ولید
مسلم لیگ ق نے ہمیشہ کلمہ حق کہا ،معیشت کی بحالی کے لیے حکمت عملی بنائی جائے ۔ملک نذیر

ہریپور ۔
پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک نے کہا ہے کہ قومی اداروں پر تنقید بلاجواز،ریاست کو سیاست پر فوقیت دی جائے،فوج کو ہر معاملہ میں ملوث کرنا درست نہیں، کچھ سیاستدان اور انڈیا ایک پیج پر ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز مسلم لیگ کے مرکزی عہدے داروں بلال شیرازی ، ملک شکیل سکندر، برات جان ، حامد شاہ ، ملک فضل الرحمان کے ہمراہ ہری پور میں مسلم لیگ یوتھ ونگ کے صوبائی صدر ملک جمیل کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جماعت دعوہ کے صوبائی امیر ابو ولید ، ہری پور چیمبر آف کامرس کے سابق صدر ملک نذیر اور دیگر سیاسی اور سماجی شخصیات نے بھی خطاب کیا۔ مصطفی ٰ ملک نے کہا کہ مسلم لیگ ملکی بقا، استحکام اور سلامتی کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، انہوں نے کہا کہ PDM کا ایجنڈا انتشار کے سوا کچھ نہیں انکے بعض لیڈر بھارت کی زبان بول رہے ہیں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت ٹارگٹ کیا جارہا ہے ، جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پی ٹی آئی سے اتحاد کھانوں ، عشائیوں کے لیے نہیں کیا تھا، ملکی مسائل کے حل کے لیے کیا تھا لیکن افسوس حکومت کی سمت درست نہیں، خان صاحب کو قیادت نے بارہا سمجھایا کہ آپ کی ڈائریکشن درست نہیں ، ہم ایک کشتی کے سوار ہیں ، ڈوبے تو سب کا نقصان ہو گا ، خان صاحب کو اصلاح کے لیے مشورہ دیتے ہیں وہ اسے تنقید سمجھتے ہیں، مہنگائی کی ذمہ دار حکومت ہے،اب بھی وقت ہے کہ بیانوں کی بجائے معیشت کی بحالی کے لیے دھیان دے۔مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر نے بلال شیرازی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت وفاق کی علامت ہیں،ملکی ترقی کے لیے انہوں نے جاندار کردار ادا کیا، استحکام پاکستان کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، کسی کو اداروں کی توہین نہیں کرنے دیں گے، حرمت رسولؐ پر ہماری جان قربان، گستاخانہ خاکوں کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کر رہے ہیں ۔مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی جنرل سیکرٹری ملک شکیل سکندر نے کہا کہ کچھ سیاست دان بھارت کی زبان بول رہے ہیں،وہ ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت فوج کو کمزور کر رہے ہیں،انڈیا کی سیاست نہیں چلنے دیں گے ۔جماعت دعوہ کے صوبائی امیر ابو ولید نے مسلم لیگ ق کی قیادت کی ملکی استحکام اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لیے کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم قومی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے ،یہ وقت انتشار کا نہیں اتحاد کا ہے ، سیاستدان ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ، مسلم امہ اور پاکستان پر عالم کفر یلغار کیے ہوئے ہے، سب کو ایک ہونا ہو گا,ہریپور چیمبر آف کامرس کے سابق صدر ملک نذیر نے کہا کہ مسلم لیگ ق کی قیادت نے ہمیشہ کلمہ حق کہا اور موجودہ حکمرانوں کو اچھے مشورے دیے، ،معیشت کی بحالی کے لیے مظبوط حکمت عملی بنائی جائے ، عام آدمی مسائل سے دوچار ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں