100

سیالکوٹ میں سری لنکن منیجر کے قتل کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں سری لنکن منیجر کو جس بربریت کے ساتھ قتل کیا گیا ہے یہ قرآن و سنت کی تعلیمات کے بھی خلاف ہے ،سیرت محمد مصطفی ﷺ کے بھی خلاف ہے۔ طاہراشرفی

لاہور(پاسبان نیوز)پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ ، پاکستان علماء کونسل اور انٹر فیتھ ہارمنی کونسل نے سیالکوٹ میں سری لنکن منیجر کے قتل کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں سری لنکن منیجر کو جس بربریت کے ساتھ قتل کیا گیا ہے یہ قرآن و سنت کی تعلیمات کے بھی خلاف ہے ،سیرت محمد مصطفی ﷺ کے بھی خلاف ہے۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا نعمان حاشر، مولانا اسعد زکریا قاسمی ، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا ابو بکر حمید صابری ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا قاسم قاسمی ، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، مولانا سعد اللہ شفیق ، مولانا محمد اسلم صدیقی، مولانا اسعد حبیب شاہ جمالی ، مولانا عبید اللہ گورمانی اور دیگر نے کہا ہے کہ ہمارا سب کچھ آقا علیہ الصلوٰۃ کی عزت و ناموس پر قربان ہے ، لیکن اگرکوئی مجرم بھی ہے تو پاکستان میں توہین ناموس رسالتؐ و توہین مذہب و مقدسات کا قانون موجود ہے اس کو عدالت میں ، قانون کے کٹہرے میں لاناچاہیے نہ کہ اس کو پکڑ کر مار دیا جائے اس کی لاش کو جلا دیا جائے ، یہ تو بربریت ہے جس کا اسلام سے یا محمد عربی ﷺ کی سیرت طیبہ سے کوئی تعلق نہیں ہے او رملک بھر کے علماء و مشائخ اس کی مذمت کرتے ہیں ۔ پاکستان علماء کونسل اس کی بھرپور مذمت کر رہی ہے ، تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے اس کی مذمت کی ہے ۔ وزیراعظم پاکستان محترم جناب عمران خان صاحب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہدایات دی ہیں کہ جو بھی مجرمین ہیں ان کو فوری طو رپر گرفتار کیا جائے اور ان شاء اللہ وہ اپنے انجام کو پہنچیں گے ۔اس حوالے سے پنجاب پولیس کاروائی کررہی ہے ، ہم اس موقع پر سری لنکا کی حکومت اور سری لنکا کی عوام اور بالخصوص اس منیجر کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ، بلا شبہ یہ ایک ایسا عمل ہے جس کا نہ اسلام سے کوئی تعلق ہے ، نہ قرآن و سنت سے کوئی جواز ملتا ہے اور نہ اس کا کوئی انسانیت سے تعلق ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں