*
گجرات (پاسبان نیوز)نوجوان قوم کا روشن مستقبل اور سرمایہ ہیں۔نوجوانوں کا مستقبل سنوارنے سے قوم کی تقدیر بدل جائے گی ۔یہ بات حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے جماعت اسلامی گجرات کے تحت شعبہء نوجوانان کے کنونشن سے خطاب میں کہی۔مہمان خصوصی ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے مذید کہا کہ بچیاں امت کی صورت گر ہیں، وہ اپنا آئیڈیل حضرت فاطمہ رضی عنہ جیسی عظیم ہستی کو بنائیں تو دنیا و آخرت سنور جائے گی۔ناظمہ صوبہ پنجاب شمالی ثمینہ احسان نے کہا کہ پاکستان میں 67 فی صد نوجوان طبقہ ہے، نوجوانوں کاجذبہ ہواؤں کا رخ بدل سکتا ہے۔سوشل میڈیا کی منفی یلغار سے بچتے ہوئے اس ہتھیار کو اعلائے کلمۃ اللہ کے لئے استعمال کریں۔ بعد ازاں این اے 64 سے جماعتِ اسلامی کے نامزد امیدوار راجہ ساجد شریف نے اپنے خطاب میں عوامی آگاہی کے لئے حلقہ خواتین کی کوششوں پر اظہار تشکر اور گھر گھر رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ علاوہ ازیں مہمانوں میں یادگاری شیلڈز اور مقابلوں میں حصہ لینے والی طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔کنونشن میں فوڈ ، ہینڈی کرافٹس اور شرکاء کی دلچسپی کے لئے دیگر اسٹالز لگائے بھی گئے ۔#