لاہور(پاسبان نیوز)ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی جمعہ کو ملک بھر میں اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم القدس منائے گی اور اس سلسلے میں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز جمعہ کے بعد ریلیاں اور جلسے منعقد کیے جائیں گے جہاں مرکزی اور مقامی قائدین جماعت شرکا سے خطاب کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے عوام کو غزہ کے مظلومین کے حق میں ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔
قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی روز اول سے اہل فلسطین کے حق میں ملک اور ملک سے باہر بھرپور آواز بلند کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں قومی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، امیر جماعت نے ایران، ترکی اور قطر کے دورے کیے اور اسلام آباد میں مختلف سفارت خانوں سے رابطے کر کے انھیں اہل غزہ کی مدد کرنے کی اپیل کی۔ جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کے سامنے واشنگٹن کی جانب سے اسرائیل کی حمایت کے خلاف احتجاج کیا اور کراچی اور لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں بھرپور احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا۔ انھوں نے کہا کہ جمعہ کو ہونے والے اظہار یکجہتی فلسطین مظاہروں میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، خواتین اور بچے بھی شرکت کریں گے۔