کتاب اسلامی روایات کا روشن پہلو ہے۔ کتاب کو ثقافت کا حصہ بناتے ہوئے پاکستان میں ترقی کے امکانات کو روشن کیا جا سکتا ہے:تاشفین صفدرمرالہ

گجرات (پاسبان نیوز)جامعہ گجرات میں دو روزہ بک فیئر کا آغاز ہو گیا ہے۔رکن صوبائی اسمبلی تاشفین صفدر نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد مشاہد انور کے ہمراہ دو روزہ بک فیئر کا افتتاح کیا۔ تاشفین صفدر نے کہا کہ کتاب اسلامی روایات کا روشن پہلو ہے۔ کتاب کو ثقافت کا حصہ بناتے ہوئے پاکستان میں ترقی کے امکانات کو روشن کیا جا سکتا ہے۔ علمی روایت میں کتاب کو از حد اہمیت حاصل ہے۔ نوجوان طلبہ میں کتاب دوستی اور فروغ کتب بینی اہم امر ہے۔ جامعہ گجرات تحقیقی و علمی ترقی کے لیے بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہے۔پروفیسر ڈاکٹرمحمد مشاہد انورنے کہا کہ انسانی تہذیبوں کی ترقی میں کتاب کو ہمیشہ اہمیت حاصل رہی ہے۔ کتاب علم و معلومات کے سلسلہ کو وسیع کرتے ہوئے نوجوان نسل کی تربیت کا باعث ہے۔ جامعہ گجرات اپنے ذہین و محنتی طلبہ کو علم کی جانب راغب کرنے کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ نوجوان طلبا وطالبات میں کتاب کلچر کا فروغ ایک عظیم قومی خدمت ہے۔ واثق اُمید ہے کہ جامعہ گجرات کا سالانہ کتب میلہ طلبا و طالبات میں شوق کتب بینی کے احیاء کا باعث ہو گا۔ افتتاح کے موقع پررجسٹرارمحمد نعیم بٹ،پروفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال،پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف، پروفیسر ڈاکٹر فیصل محمود مرزا، چیف لائبریرین ڈاکٹر ذکی الزماں، جامعہ گجرات کے مختلف شعبہ جات کے ڈائریکٹر، اساتذہ، صدورشعبہ وچیئر پرسن اوریونیورسٹی انتظامیہ کے سینئر اراکین موجود تھے۔ سالانہ بُک فیئر میں ملک بھر کے تقریباً بیس پبلشروں، بُک سیلروں نے اپنے سٹال لگاتے ہوئے طلبہ و اساتذہ کو خاطر خواہ ڈسکاؤنٹ پر کتابیں خریدنے کا موقع فراہم کیا۔ سالانہ بُک فیئر ایک سنہری علمی روایت کا احیا ء ہے۔یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ نے امسال بک فیئر کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ کتاب علم کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ کتب بینی سے نہ صرف نوجوان نسل کا ذہن منور ہوتا ہے بلکہ کتاب انہیں صحت منداور مثبت معاشرتی و سماجی سرگرمیوں کی جانب مائل کرتے ہوئے معاشرتی خیر کا ذریعہ بنتی ہے۔ معاشرہ کو صحیح ڈگر پر لانے کے لیے نوجوان نسل میں کتب بینی کا احیاء خوش آئند امر ہے۔ جامعہ گجرات کا کتب میلہ ایک بہترین کاوش ہے۔ اسلامی روایت میں بھی علم اور کتب کی اہمیت روزِ روشن کی طرح عیاں ہے۔ کتاب کا تحفہ بہترین تحفہ ہے۔ جامعہ گجرات کو گجرات کی علمی سرگرمیوں میں دانش گاہ کا رُتبہ حاصل ہے۔ اس موقع پر طلبہ نے مختلف سماجی و معاشرتی رحجانات کو اُجاگر کرنے کے لیے ایک ڈرامائی سیکچ پیش کیا جسے شرکاء نے سرا ہتے ہوئے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں