عاصمہ ملک اسلام آباد کا نیا سیاسی چہرہ

پاسبان رپورٹ
محترمہ عاصمہ ملک اسلام آباد کی معروف سماجی ، سیاسی اور کاروباری شخصیت ہیں۔وہ اسلام آباد کے ایک اعلیٰ کاروباری گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔ مارکیٹنگ میں ایم بی اے کرنے کے بعد انہوں نے درس و تدریس کے شعبے سے وابستگی اختیار کی اور گزشتہ پندرہ برس سے ماہر تعلیم کے طور پر کام کر رہی ہیں۔وہ بچوں کی فلاح و بہبود کے عالمی ادارے UNICEF کی ماسٹر ٹرینر بھی ہیں۔اس حیثیت سے وہ اب تک اسلام آباد میں دو ہزار خواتین کو ابتدائی نشوونما برائے اطفال کی تربیت دے چکی ہیں۔ان کی کاوشوں سے پاکستان میں پہلی مرتبہ ایک دس سالہ مسیحی بچی کو ایک دن کے لیے اسلام آباد کی اعزازی ڈپٹی کمشنر بنایا گیا ۔پچاس مفت سکولوں کا پراجیکٹ لانچ کرتے ہوئے فوری طور پر دس مفت سکول فعال بھی کیے ۔ان کا عزم ہے کہ اسلام آباد کے ہر بچے اور بچی کو طاقتور ترین بنانا ہے۔
LIFT Islamabad Group کی سی ای او عاصمہ ملک تعلیم و تربیت اور بزنس کے علاوہ سماجی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔ان کی سماجی خدمات کا دائرہ کار خاصا وسیع ہے۔تعلیم ، خواتین کے مسائل ، بچوں کی تربیت اور اسلام آباد میں امن کا قیام ان کی اولین ترجیحات ہیں۔گزشتہ برس جب اسلام آباد میں بانی ِ پاکستان کے پورٹریٹ کی بے حرمتی کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا تو عاصمہ ملک نے اس کے خلاف توانا آواز اٹھائی ۔انہوں نے یہ قبیح حرکت کرنے والوں کے خلاف نہ صرف ایف آئی آر درج کرائی بلکہ اس سلسلے میں ملک میں پہلی بار یہ قانون سازی بھی کرائی کہ قائد اعظم کی تصویر کی بے حرمتی سنگین جرم ہے اور اس کی سزا پانچ برس قید اور بھاری جرمانہ ہوگا۔
جی 14 پلاٹ اونرز ایسوسی ایشن کی چئیرپرسن عاصمہ ملک کو اپنے شہر اسلام آباد سے محبت ہی نہیں بلکہ عشق ہے ۔ وہ اپنے شہر کی ترقی و بہتری کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہتی ہیں۔اسلام آباد میں امن ان کی اولین ترجیح ہے ۔ وہ اپنے شہر کو کسی بھی قسم کے تصادم سے بچانے کے لیے اپنا کردار اد ا کرتی رہتی ہیں۔انہیں اسلام آباد کے مسائل اور ریفارمز پر مکمل گرفت حاصل ہے۔انہوں نے سیکٹر جی 14 واگزار کرا کے مالکان کے حوالے کرنے کے علاوہ شہریوں کے ڈیڑھ ارب روپے کے پراپرٹی معاملات بھی حل کرائے ۔شہر کو آلودگی سے بچانے کے لیےمختلف علاقوں میں بیس ہزار پودے لگوائے اور 20 ہزار کاٹن بیگ اسلام آباد میں تقسیم کیے ۔وہ اسلام آباد میں سیاحت ، زراعت ، ٹیکنالوجی اور انڈسٹری کی ترقی کی خواہاں ہیں۔
تحریکِ اسلام آباد کی جنرل سیکرٹری عاصمہ ملک شہر اقتدار کی سیاست میں بھی سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں۔وہ اگلے قومی انتخابات میں اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی نشست پر حصہ لینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔عاصمہ ملک کی شادی اسلام آباد کی معروف سیاسی شخصیت راشد ملک سے ہوئی ۔ وہ دو بچوں کی ماں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں