پاکستان علماء کونسل کی طرف سے ہالینڈ اور سویڈن میں قرآن کریم کے اوراق پھاڑنے اور جلانے کے واقعہ کی سخت مذمت

اسلام آباد(پاسبان نیوز)پاکستان علماء کونسل کی طرف سے ہالینڈ اور سویڈن میں قرآن کریم کے اوراق پھاڑنے اور جلانے کے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ اشتعال انگیز قدم ہے جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا اسعد زکریا قاسمی ، مولانا زبیر عابد ، مولانا اسد اللہ فاروق ، علامہ طاہر الحسن ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، مولانا محمد اسلم صدیقی اور دیگر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے اسلام اور مسلمان انتہا پسندی اور نفرت کے محرکات کو ختم کرنے اور پُر امن بقائے باہم ، رواداری اور مکالمے کے اصولوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اور رہے گا ۔ عالم اسلام کا مؤقف اس حوالہ سے واضح اور دو ٹوک ہے ۔ مکۃ المکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کے تحت میثاق مکۃ المکرمہ اور ابو ظہبی میں ہونے والے میثاق اخوۃ انسانیہ اور پاکستان کے علماء و مشائخ کی طرف سے پیغام پاکستان اس کی واضح دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی حرکتوں سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے اور یہ اشتعال انگیز عمل ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس قسم کے ناقابل قبول اقدامات کو روکنے کیلئے اپنا فرض ادا کرے۔ انہوں نے عالم اسلام اور عالمی دنیا میں علماء و مشائخ سے اپیل کی ہے کہ مورخہ 27 جنوری جمعۃ المبارک کو اس افسوسناک واقعہ کی بھرپور مذمت کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں