اٹک(پاسبان نیوز)جمعیت طلبہ عربیہ اٹک کے زیراہتمام کل پاکستان ارکان وامیدواران کا سالانہ اجتماع گزشتہ روزمنعقد ہوا جس میں جماعت اسلامی پنجاب کے ا میرڈاکٹرطارق سلیم، سینیٹرمشتاق احمد ،نومنتخب منتظم اعلیٰ محمد افضل، امیرضلع اٹک سردار امجد علی خان سمیت دیگرذمہ داران اورپاکستان بھرسے دینی مدارس کے علماءوطلبہ نے بھرپورشرکت کی،اجتماع سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ تحریک ا نصاف استعفیٰ دیتی کبھی واپس لیتی ہے دوصوبائی اسمبلیو ں کی تحلیل کے بعد سیاسی بحران میں اضافہ ہوا اب جیل بھروتحریک کے نام پرایک نیا کھیل کھیلاجارہاہے ،انہوں نے کہاکہ شاہ محمود قریشی میڈیا اورعوام کے سامنے گرفتارہوئے لیکن ان کابیٹا انہیں لاپتہ قرار دیکر ابو کی بازیابی کیلئے ہائیکورٹ پہنچ گیا،انہوںنے کہاکہ ملک میں سیاسی، معاشی، ماحولیاتی بحران ہے، حکمرانوں نے دین حق کو چھوڑ کرقرض پر کھڑی سرمایہ دارانہ معیشت اورآئی ایم ایف کی غلامی اپنائی، جس سے مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی کی صورت تباہی کا سامنا ہے۔جماعت اسلامی عام سیاسی جماعتوں کی مانند نہیں ہے، اسکا کردار،عمل،طریقہ کار اطاعت رب پر کھڑا ہے۔آزمائی ہوئی سیاسی جماعتوں نے پورے ملک اور عوام کو دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا،ڈاکٹرطارق سلیم کاکہناتھاکہ جماعت اسلامی کی دعوت اسلامی انقلاب کی ہے جو زندگی کے تمام دائروں پر محیط ہے، اعلیٰ اخلاقی اقدار و صفات کی بدولت جماعت اسلامی دلوں میں جگہ بناتی ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی صرف پرچم اور نعروں کا نام نہیں بلکہ یہ ایک مکمل نظریاتی دینی جماعت ہے جس میں صرف اللہ کی رضا اور دین کو قائم کرنے کے لیے لوگ شامل ہوتے ہیں،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کارکنان کی ذہنی و فکری تربیت کے ساتھ اس غلبہ دین کے مشن کے لیے بھی تیارکرتی ہے۔ہمارا کارکن اپنے سیاسی مخالف سے بھی دلیل کے ساتھ بات کرتا ہے کیونکہ ہم ہر شخص کی بھلائی اور اخروی کامیابی چاہتے ہیں ، انسان کو بندگی کا شعور حاصل ہوجائے تو یہی اس کی بہت بڑی کامیابی ہے۔