اسلام عورت کی بنیادی ضروریات کی تکمیل اور محفوظ ماحول کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری قرار دیتا ہے- ثمینہ سعید ہوشربا مہنگائی , لاقانونیت اور طبقاتی کشمکش عالمی یوم خواتین کے موقع پر پاکستانی عورت کے سلگتے مسائل ہیں – ثمینہ سعید

کراچی (ثوبیہ اسلام سے)
اسلام عورت کے حقوق کا سب سے بڑا ضامن ہے- اس کی تعلیمات کے مطابق معاشرے میں حقوق و فرائض کے توازن کو قائم رکھنا مضبوط خاندان کی بنیاد ہے، آج پاکستانی معاشرے میں عورت کو چار دیواری سے معاش تک سنگین مسائل درپیش ہیں جن میں عزت و جان کا تحفظ اہم ترین ہے-پارلیمنٹ میں تحفظ نسواں کے متعدد بل منظور ہونے کے باوجود معاشرتی ناانصافیوں نے ہر سطح پر خواتین کو گھیر رکھا ہے۔۔
ان خیالات کا اظہار قائم مقام سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے 8مارچ عالمی یوم خواتین پر اپنے خصوصی بیان میں کیا- انہوں نے کہا کہ پاکستانی عورت کو درپیش مسائل میں مہنگائی سر فہرست ہے -بڑھتی ہوئی مہنگائی کا براہ راست اثر عورت کے گھر یلو بجٹ پر ہوتا ہے۔۔آزادی نسواں کے کھوکھلے نعروں نے عورت کی عزت نفس کو بری طرح مجروح کیا ہے-
آج خواتین اپنے شہر بلکہ اپنے گھر میں محفوظ نہیں-
اسلام آباد کا ایف نائن پارک ہو یا بلوچستان کاضلع بارکھان نہ عورت کی عزت محفوظ ہے نہ جان۔دیہی علاقے کی گراں ناز ہو یا شہر کی نور مقدم طبقاتی فرق کے بغیر خواتین کے ساتھ پیش آنے والے یہ واقعات 8 مارچ عالمی یوم خواتین کے موقع پر سوالیہ نشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان معاشرے میں عورت کے استحصال کی ہر شکل کی مذمت کرتی رہی ہے- ہمارا موقف رہا ہے کہ اسلام کی متوازن تعلیم عوام الناس تک پہنچے۔۔اسلام میں موجود عورت کے حقوق و فرائض کے چارٹر کی روشنی میں ایک ایسا اسلامی معاشرہ تشکیل پائے جہاں عورت کی ضروریات کے مطابق اسے محفوظ باسہولت حالات کار فراہم کئے جائیں – بااعتماد نسلوں کو پروان چڑھانے کے لئے خاندانی انتشار کی ہر صورت کی نفی لازم ہے-
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے منشور میں خواتین کی تعلیم و ترقی کے تمام مواقع فراہم کرنے کا پروگرام رکھتی ہے
اور یوم خواتین کا مرکز و محور یہی نکات ہوں گے تو عورت کے حالات میں مثبت تبدیلی ممکن ہے-#

اپنا تبصرہ بھیجیں