کراچی (ثوبیہ اسلام )سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا کے تحت بروکلین میں استقبال رمضان کے پروگرام میں خصوصی شرکت کی، شرکاء سے اپنے خطاب میں انھوں نے رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد دیتے ہوئے احیاء دین کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا، امت مسلمہ کے وسیع تصور اور ذمہ داریوں پر گفتگو کی ،بعد ازاں باہمی تعارف اور سوال و جواب کی نشست ہوئی۔ جس میں دعوتی امور کے طریقہ کار سے آگاہی دی گئی۔بعد ازاں سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے نیویارک میں (اکنا)اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا کے زیر انتظام فلاحی ادارے دارالامان (فیملی ٹرانزیشنل ہوم ) کا دورہ کیا اور فوڈ ڈسٹریبیوشن پروگرام میں شرکت کی۔
حلقہ خواتین جماعت اسلامی کا نمائندہ وفد امریکہ میں مختلف پروگرامات اور سرگرمیوں میں حصہ لے رہا ہے- انہوں نے نیویارک میں امریکہ میں مسلمانوں کی فلاحی تنظیم اکنا ریلیف کے ساتھ مل کر مین ہیٹن کے علاقے میں بے گھر افراد میں تازہ کھانا تقسیم کیا-
انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ امریکہ جیسے ترقی یافتہ ملک میں بھی لوگ کھانے کے لئے لائن میں لگے ہوئے ہیں ،انھوں نے کہا کہ امر واقعہ ہے کہ یہ صورتحال دنیا کے دگرگوں معاشی حالات کی غمازی کرتے ہیں، وہاں موجود خواتین نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ مسلم تنظیم اکنا امریکہ میں رنگ نسل اور مذہب سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت کر رہی ہے انہوں نے بچوں کے لیے قائم شیلٹر ہوم کا دورہ بھی کیا-
اس موقع پر ویمن اینڈ فیملی کمیشن جماعت اسلامی پاکستان کی صدر ڈاکٹر رخسانہ جبین ، سینئر ممبران عابدہ فرحین اور افشاں نوید بھی موجود تھیں۔#