جامعہ گجرات کے مختلف شعبہ جات کے با صلاحیت و ذہین طلبہ میں PEEFسکالرشپ تقسیم

گجرات (پاسبان نیوز)وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے جامعہ گجرات کے مختلف شعبہ جات کے با صلاحیت و ذہین طلبہ میں PEEFسکالرشپ تقسیم کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس سلسلہ میں ایک پُر وقار تقریب تقسیم وظائف کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔ تقریب میں جامعہ گجرات کے مختلف شعبہ جات کے21طلبہ میں PEEFسکالرشپ تقسیم کئے گئے۔ یاد رہے کہPEEFسکالرشپ ہر سال پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کی جانب سے ذہین و مستحق طلبا و طالبات کو میرٹ ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پیش کیے جاتے ہیں تاکہ محنتی طلبا و طالبات کے لیے علمی راہوں کو کشادہ بناتے ہوئے انہیں اپنی تعلیمی منازل کے حصول کے لیے مالی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ 2009سے لے کر اب تکPEEFکی جانب سے لاکھوں طلبہ اس مالی سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے کہا کہ باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی قومی فریضہ ہے۔ ذہین طلبہ پاکستان کا قیمتی انسانی سرمایہ ہیں۔ مستحق و لائق طلبہ کو مالی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ایک اہم ذمہ داری ہے۔ جامعہ گجرات طلبہ کی تعمیر سیرت و کردار پر خصوصی توجہ مبذول کرتے ہوئے اعلیٰ سطح پر ان کی بہترین تعلیمی ترقی کی خواہاں ہے۔ ہمارا مقصد پاکستان کے ذہین نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرتے ہوئے ایک اعتدال پسند، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا ہے۔ تقریب میں ڈائریکٹرUA&FAOعبدالوحید بٹ اور چیف سکیورٹی افسر ڈاکٹر سید حامد فاروق بخاری و دیگر بھی شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں