جامعہ گجرات کی فیکلٹی برائے سوشل سائنسز اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے اشتراک سے دو روزہ تربیتی ورکشاپ ”ڈیٹا کولیکشن کا طریق کا ر اور ”LQASکاانعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔ ورکشاپ کا مقصد نوجوان ریسرچروں کی تحقیقی استعداد میں اضافہ کیلئے مختلف موضوعات پر تحقیق بارے ڈیٹا کو جمع کرنے کی مختلف تکنیکوں اور پائیدار نتائج کے حصول کیلئے اعلیٰ کوالٹی کے نمونہ جات جمع کرنے کے طریقہ کار سے روشناسی تھا۔ ورکشاپ کے تربیت کنندگان میں ڈاکٹر محمد عمران، ڈاکٹر محمد خلیل، ڈاکٹر ام فروہ اورسویرا فاروق شامل تھیں۔افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈین فیکلٹی برائے سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر فیصل محمود مرزا تھے۔ ڈاکٹر فیصل محمود مرزا نے کہا کہ جدید تحقیقی طریق کار میں ڈیٹا کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ڈیٹا موضوع تحقیق بارے اطلاعات کی فراہمی کا سب سے بڑا وسیلہ ہے۔ بغض و عناد سے ماورا ہو کر موضوع تحقیق سے متعلق ڈیٹا کا جائزہ و تجزیہ پیش کرتے ہوئے حقائق کو سامنے لانا محقق کی اولیں ذمہ داری ہے۔ تحقیق کا اصل مقصد مقامی مسائل کا دیرپا حل تلاش کرتے ہوئے سماجی خدمت ہے۔ عملی تحقیق میں خیالات و حقائق اہم کردار ادا کرتے ہوئے ریسرچرکو نئی راہیں سجھاتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد عمران نے کہا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ایک صحت مند ملک و سماج کی تعمیر و تشکیل میں پاکستان کی مددگار ہے۔ مختلف بیماریوں کے خاتمے کیلئے ایک بہترین فیلڈ ورک کے ذریعے خلوص نیت سے جمع کردہ ڈیٹا اہمیت کا حامل ہے۔مسائل کے خاتمہ کیلئے مختلف خطوط پر استوار سروے نہایت ضروری ہیں۔ ریسرچروں کے لئے فیلڈ ورک کے عملی پہلوؤں سے شناسائی لازم امر ہے۔ WHOتمام دنیا میں صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات کرتا ہے۔ فوکل پرسن و ٹریننگ کوارڈینیٹر ڈاکٹر تنویر احمد نے ورکشاپ کے مقاصد کا تفصیلی تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ تربیتی ورکشاپ کی سرگرمیاں اعلیٰ سطح پر زیر تعلیم طلبہ کو تحقیقی شعور اورآگاہی سے روشناس کرواتے ہوئے اعلیٰ تحقیقی مواقع فراہم کرنے میں مددگار ہیں۔ ورکشاپ میں شامل سکالروں کو مختلف پراجیکٹوں میں شرکت کرتے ہوئے مالی وظائف کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔تربیتی ورکشاپ کی سرگرمیوں میں دو روزہ تربیت اور دو روزہ فیلڈ ورک شامل ہیں۔ ورکشاپ میں شعبہ جغرافیہ، سوشیالوجی، اکنامکس اور ایجوکیشن میں ایم فل و ڈاکٹریٹ کی سطح پر زیر تعلیم تیس سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔ورکشاپ کے مہمان اعزاز میں ڈائریکٹر HRDCڈاکٹر سمیع اللہ و دیگر شامل تھے۔