لاہور (حنا مقصودسے ) منہاج یونیورسٹی لاہور میں سیکرز سپیشلی ایبلڈ سوسائٹی اور عائشہ بشیر کلیفٹ ٹرسٹ ہسپتال کے اشتراک سے
“پیدائشی کٹے ہونٹ اور تالو کی وجوہات ، مسائل اور علاج ” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔سیمینار میں وائس چانسلرمنہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، چیئرمین عائشہ بشیر کلیفٹ ہسپتال گجرات ڈاکٹر اعجاز بشیر اور صدرپاسبان ویلفیئر فاؤنڈیشن گجرات عزیزالرحمان مجاہد نے خطاب کیا ۔ڈاکٹر اعجاز بشیر نے سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے پیدائشی طور پر کٹے ہونٹ اور تالو ایک جینیاتی بیماری ہے ۔ کٹے ہونٹ اورتالو کے نقائص کے ساتھ پیدا ہونے والے بچے چوسنے کی صلاحیت سے محروم ہوتے ہیں اور غذائی کمی کی وجہ سے بچوں کی نشوونما متاثر ہوتی ہے۔ ڈاکٹر اعجاز بشیر نے کہا کہ1995 ء میںکٹے ہونٹ اور تالو کے امراض کے علاج کے لیے گجرات میںعائشہ بشیر کلیفٹ ہسپتال گجرات کا سنگ بنیاد رکھا جہاں اب تک کٹے ہونٹ اور تالو کے امراض میں مبتلا 25 ہزار سے زائد بچوں کا بلا معاوضہ کامیاب علاج ہو چکا ہے اور وہ اب نارمل زندگی گزار رہے ہیں۔وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہورپروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزادنے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں کامیابی کے لیے دوسروں کے کام آنا اولین شرط ہے اس حوالے سے پیدائشی طور پرکٹے ہونٹ اور تالو کے امراض میں مبتلا بچوں کا بلا معاوضہ علاج ایک عظیم خدمت ہے جس کے لیے ڈاکٹر اعجاز بشیر مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ سینئر صحافی عزیزالرحمان مجاہد نے سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کوپیدائشی طور پر کٹے ہونٹ اور تالو کے امراض سے بچانے کے لیے معاشرے میں کزن میرج کی حوصلہ شکنی ضروری ہے ۔اس کے علاوہ حاملہ بیوی کے سامنے شوہر کی سگریٹ نوشی بھی اس بیماری کا ایک بڑا سبب ہے لہذاسگریٹ نوشی سے احتیاط ضروری ہے۔ تقریب میں سیکرٹری سیکرز کلب منہاج یونیورسٹی عمارہ مقصود قادری نے بھی خطاب کیا اور تقریب میں شرکت پر معزز مہمانان کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے معزز مہمانان کو شیلڈز اور سو ینئر سے نوازا ۔سیمینار میں مینیجر آپریشنز عائشہ بشیر کلیفٹ ہسپتال گجرا ت حمزہ اعجاز سمیت منہاج یونیورسٹی لاہور کے میڈیکل لیب ٹیکنالوجی اور فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کے اساتذہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔